عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے منگل کو اسمبلی میں بتایا کہ مرکز نے جل جیون مشن (جے جے ایم) کے تحت منصوبوں کی تکمیل کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے نئی آخری تاریخ دسمبر 2028 مقرر کی ہے۔ یہ فیصلہ مالی سال 2024-25 کے دوران فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث ہونے والی تاخیر کے پیش نظر لیا گیا ہے۔
اسمبلی میں ایک سوال کے جواب میں متعلقہ وزیر نےکہا کہ جل جیون مشن کے تحت تمام آبی سپلائی اسکیمیں ابتدائی طور پر 31 مارچ 2025 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا۔تاہم، مرکزی اسپانسرڈ اسکیم (CSS) اور یونین ٹیریٹری سیکٹر کے تحت درکار فنڈز کے اجرا میں تاخیر کے باعث مدت میں توسیع کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز نے بجٹ سیشن 2025 کے دوران نئی مدت کا اعلان کیا ہے، جس میں تمام زیر التواء منصوبوں کی تکمیل کے لیے فنڈز میں اضافہ کیا گیا ہے۔ جل شکتی محکمہ مرکزی اور یو ٹی دونوں حکومتوں سے فنڈز کے اجرا کے لیے سرگرمی سے کوششیں کر رہا ہے۔وزیر نے مزید بتایا کہ جموں و کشمیر میں جاری تمام جے جے ایم اسکیموں کی تکمیل کے لیے6,254 کروڑ روپےکی مزید ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا محکمہ ان فنڈز کے حصول کے لیے کام کر رہا ہے اور فنڈز جاری ہونے کے بعد مکمل شدہ کاموں کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔
جل جیون مشن کی مدت دسمبر 2028 تک بڑھائی گئی