یواین آئی
ابوظہبی/نئی دہلی// وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے اتوار کی رات ابوظہبی میں ملاقات کی اور مسلسل بڑھتی دو طرفہ اسٹریٹجک شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا ڈاکٹر جے شنکر نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا، ‘یواے ای کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید سے ابوظہبی میں مل کر بہت خوشی ہوئی۔ ہماری مسلسل پھیلتی ہوئی جامع اسٹریٹجک شراکت داری پر ایک نتیجہ خیز اور گہرائی سے بات چیت ہوئی۔ علاقائی اور عالمی مسائل پر ان کی بصیرت قابل تعریف تھی۔ یواے ای کی وزارت خارجہ کے ایک ریڈ آؤٹ کے مطابق شیخ عبداللہ نے ڈاکٹر جے شنکر کو دوبارہ ہندوستان کا وزیر خارجہ بننے پر مبارکباد دی۔
یواے ای کے اعلیٰ سفارت کار نے کل رات ابوظہبی میں ڈاکٹر جے شنکر کا عشائیہ پر خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے یواے ای اور ہندوستان کے درمیان جامع اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری کے فریم ورک کے اندر دو طرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ملاقات میں شیخ عبداللہ اور ڈاکٹر جے شنکر نے اقتصادی، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت، صحت، غذائی تحفظ، قابل تجدید توانائی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت تمام شعبوں میں مشترکہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔