عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/برسلز 09 جون (یواین آئی) وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اپنے ہفتہ طویل یوروپ کے دورے کے پہلے مرحلے میں بیلجیئم کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ پریوٹ میکسم سے ملاقات کی اور دہشت گردی سے نمٹنے میں ہندوستان کے تئیں بیلجیم کی حمایت اور یکجہتی کا خیرمقدم کیا۔
پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر برسلز میں بیلجیئم لیڈر کے ساتھ مسٹر جے شنکر کی اس ملاقات کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مسٹر میکسم سے مل کر خوش ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے میں بیلجیئم کی حمایت اور یکجہتی کا خیرمقدم کیا اور ہندوستان کی جانب سے بیلجیئم حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ہندوستان اور بیلجیئم کے درمیان باہمی تعلقات اور ہندوستان-یورپی یونین شراکت داری کا بھی جائزہ لیا اور اس میں مضبوط پیشرفت کی تعریف کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ اس ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، دفاع اور سلامتی، دواسازی، صاف توانائی اور نقل و حرکت سمیت ہمارے تعاون کو مزید گہرا کرنے پر بھی وسیع تبادلہ خیال ہوا۔
جے شنکر 8 سے 14 جون تک یورپ کے لیے روانہ ہوئے، اس دوران وہ فرانس اور بیلجیئم کی حکومتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے اور برسلز میں یورپی کمیشن اور یورپی پارلیمنٹ کے اپنے ہم منصبوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
ان کی یورپ روانگی کے بارے میں وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ وزیر خارجہ جے شنکر کے اس دورے سے یورپی یونین، فرانس اور بیلجیئم کے ساتھ ہندوستان کے دوستانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو نئی تحریک دینے کی امید ہے۔
فرانس کے اپنے دورے کے دوران مسٹر جے شنکر پیرس میں فرانس کے وزیر خارجہ جین نول بیروٹ کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ وہ “میڈیٹیرینین رائے سینا ڈائیلاگ” سے خطاب کے لیے مارسیل بھی جائیں گے۔ یہ کانفرنس وزارت خارجہ اور آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن (او آر ایف) کی طرف سے منعقد کی جا رہی ہے۔
جے شنکر نے دہشت گردی سے نمٹنے میں بیلجیئم کی حمایت کا خیر مقدم کیا
