عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی /جگدیپ دھنکھڑ نے پیر کے روز صحت سے متعلق وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت کے نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو دیے گئے اپنے استعفے میں انہوں نے کہا”صحت کی دیکھ بھال کو ترجیح دینے اور طبی مشورے پر عمل کرنے کے لیے، میں آئین کے آرٹیکل 67(a) کے مطابق، فوری طور پر بھارت کے نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیتا ہوں۔“
جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ اس اہم دور میں بھارت کی غیرمعمولی معاشی ترقی اور بے مثال تبدیلی کا مشاہدہ کرنا اور اس کا حصہ بننا ان کے لیے باعثِ فخر و اطمینان رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ کے اس تبدیلی کے دور میں خدمات انجام دینا ان کے لیے ایک اعزاز کی بات تھی۔
آئینی طور پر، نائب صدر کے استعفیٰ کے بعد 60 دنوں کے اندر نئے نائب صدر کے انتخاب کا عمل مکمل کرنا لازمی ہے۔ اس انتخاب میں دونوں ایوانوں (لوک سبھا اور راجیہ سبھا) کے تمام اراکین ووٹ دیتے ہیں، اور یہ عمل متناسب نمائندگی کے نظام اور سنگل ٹرانسفر ایبل ووٹ کے ذریعے مکمل ہوتا ہے۔
آئین کے مطابق، نائب صدر کے عہدے کے خالی ہونے کی صورت میں راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین عارضی طور پر چیئرمین کا کردار ادا کرتے ہیں۔
فی الحال یہ عہدہ ہری ونش نارائن سنگھ کے پاس ہے، جو اگست 2022 میں مقرر کیے گئے تھے، اور وہ عبوری طور پر یہ ذمے داری سنبھالیں گے۔
جگدیپ دھنکھڑ خرابئ صحت کے باعث نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا
