عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں 28 جولائی سے شروع ہونے والی 13 روزہ شری بابا بڈھا امرناتھ یاترا کے لئے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ایک سرکاری ترجمان کے مطابق بڈھا امرناتھ یاترا کا پہلا قافلہ سخت سیکورٹی بند وبست کے بیچ 28 جولائی کو جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یاترا کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ امسال 13 دنوں کو محیط یہ یاترا 9 اگست کو اختتام پذیر ہوں گی۔
صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) تیجندر سنگھ نے اس سلسلے میں پونچھ میں سیکورٹی صورتحال اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔صوبائی کمشنر نے متعلقہ حکام کو بھگوتی نگر اور جموں ریلوے اسٹیشن پر یاتریوں کی سہولت کے لیے ہیلپ ڈیسک اور رجسٹریشن کاؤنٹر قائم کرنے کی ہدایت کی۔
راجوری اور پونچھ کے ضلع مجسٹریٹوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ضروری سہولیات کے ساتھ مناسب رہائش، بجلی کی فراہمی، پینے کے پانی، لنگر، پارکنگ، واٹر پروف خیمے اور راستے میں موبائل ٹوائلٹس کے قیام کو یقینی بنائیں۔
قابل ذکر ہے کہ پونچھ کے منڈی علاقے میں واقع بھگوان شیو کے نام وقف بابا بڈھا امرناتھ مندر جموں کے قدیم ترین مندروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اگرچہ اس مندر میں سال بھر عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہتا ہے تاہم یاترا کے دوران یاتریوں کی غیر معمولی بھیڑ رہتی ہے۔
پونچھ میں 28جولائی سے شروع ہونے والی بابا بڈھا امرناتھ یاترا کے لئے تیاریاں جاری
