عظمیٰ ویب ڈیسک
تل ابیب/اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ اسرائیل نے لبنان، غزہ اور مغربی کنارے میں کیا ایران میں بھی وہی کرے گا۔العربیہ اردو کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ایک پریس بریفنگ کے دوران اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایران پر کیے گئے حملوں پر بات کی لیکن مستقبل کے اہداف کا اعلان کرنے سے انکار کردیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ اتوار کے روز ایران پر کیے گئے حملوں میں 50 سے زائد طیاروں نے شرکت کی اور ان حملوں میں 120 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ترجمان اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ہم اپنے حملوں کو ایرانی فضائیہ کی قیادت پر مرکوز کررہے ہیں جب کہ اسرائیل نے ایران کے ایک تہائی میزائل لانچرز کو تباہ کردیا ہے۔فوجی ترجمان کے مطابق ایران کے خلاف آپریشن اپنی تمام شکلوں میں جاری ہے، جو کچھ اسرائیل نے لبنان، غزہ اور مغربی کنارے میں کیا وہ ایران میں بھی وہی کرے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے 13 جون کو ایران کی عسکری قیادت اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بناتے ہوئے ایران کیخلاف حملوں کی ایک بڑی مہم کا آغاز کیا تھا۔5 روز سے جاری ان حملوں میں ایرانی فوج کے سربراہ، اعلیٰ عسکری کمانڈر اور کئی جوہری سائنسدانوں سمیت 250 سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں۔دوسری جانب ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر میزائل حملے کیے جن میں اب تک 24 اسرائیلی ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہیں جب کہ دشمن کی متعدد عمارتیں بھی کھنڈر بنادی ہیں۔
جو غزہ میں کیا وہ ہی ایران میں بھی کرینگے: اسرائیلی فوجی ترجمان کی دھمکی
