عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/کشمیر میں ثقافتی اتحاد کے عنوان سے ایک عظیم روحانی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈاکٹر خواجہ فاروق رینزوشاہ، چیئرمین کشمیر سوسائٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ سلام کو کشمیر میں حضرت بلبل شاہؒ اور حضرت شاہِ ہمدانؒ نے اتحاد، احیائے فکر اور سماعِ سعادت کے ذریعے متعارف کرایا۔
ڈاکٹر رینزوشاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان بزرگوں کی خدمات نے کشمیری تہذیب کو روحانیت، محبت اور ہم آہنگی کے رنگوں سے نوازا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرت رحمان دارؒ کی شہرۂ آفاق تصنیف “شش رنگ”، اور دیگر کتب جیسے “گل دایز”اور “چہل اسرار” نے کشمیری تمدن کو عالمی سطح پر پہچان بخشی۔
تقریب میں ہیریٹیج رحمان دار کمیٹی اور گلوکار سوسائٹی آف کشمیرکے درمیان باہمی اشتراک کا اعلان کیا گیا، جس کا مقصد اتحاد اور ثقافتی احیاء کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر گلوکار سوسائٹی کے صدر گلزار احمد گنائی نے ڈاکٹر رینزوشاہ کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوفیانہ سماع اور ثقافتی روابط کے ذریعے معاشرے میں امن و اخوت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
تقریب میں گلوکار سوسائٹی کے معروف اراکین عبدالرشید حفیظ، محمد عبداللہ شاخشاز، وسیم اور مصطفیٰ سمیت دیگر فنکاروں نے شرکت کی، جبکہ رحمان دار کمیٹی کی نمائندگی صدر نذیر احمد شیرا، سیکریٹری نور محمد صاحب، رکن جی ایچ پنڈت اور مشتاق نجار نے کی۔
سبھی اراکین نے اتفاق کیا کہ حضرت رحمان دارؒ کی خدمات کے اعتراف میں مشترکہ سماع کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔
شرکاء نے ڈاکٹر خواجہ فاروق رینزوشاہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا، خصوصاً حضرت رحمان دار کمیونٹی ہال کے قیام،دانا مزار پارک کی تعمیر و تزئین (بحیثیت کمشنر سرینگر میونسپلٹی)، اور شیخ العالمؒ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نام کی تبدیلی جیسے تاریخی اقدامات کو سراہا۔
مزید برآں، ان کی کوششوں سے چرار شریف میں خانقاہِ پناہ، شہرِ خاص میں حضرت بلبل شاہؒ کے مزار اور حضرت شمس فقیرؒ کے مزار کی ترقی کو تصوف کی تاریخ کا سنہری باب قرار دیا گیا۔
آخر میں، ڈاکٹر خواجہ فاروق رینزوشاہ اور گلزار گنائی نے زور دیا کہ موجودہ بحرانی حالات میں تمام ثقافتی و تصوفی اداروں کا اتحاد ناگزیر ہے تاکہ کشمیری ورثہ، ثقافت اور روحانی اقدار کو محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اسلاف کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر امن، بھائی چارے اور روحانیت کے پیغام کو عام کرنا چاہیے۔
کشمیر میں اسلام حضرت بلبل شاہؒ اور حضرت شاہِ ہمدانؒ نے روحانی اتحاد اور سماعتِ سعادت کے ذریعہ متعارف کرایا : ڈاکٹر فاروق رینزو شاہ
