ویب ڈیسک
جموں// بین ریاستی منشیات فروشوں کے نیٹ ورک کو کا پردہ فاش کرتے ہوئے، جموں و کشمیر پولیس اور پنجاب پولیس نے ملن پور، ڈکھا سے ایک منشیات سمگلر کو گرفتار کیا۔ پولیس ٹیموں نے اس دوران منشیات سمگلر کے قبضے سے 38 جعلی گاڑیوں کی نمبر پلیٹیں اور 4.94 کروڑ روپے نقدی ضبط کیے ہیں۔
ڈی جی پی پنجاب پولیس نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “گرفتار شخص حال ہی میں جموں میں ضبط کی گئی 30 کلو ہیروئن کی برآمدگی کے اہم ملزموں میں سے ایک ہے”۔
اُنہوں نے کہا کہ گرفتار شخص کے روابط کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار شخص کے قبضے سے ایک ریوالور بھی برآمد ہوا ہے۔ گرفتار سمگلر کی شناخت سرجیت عرف مان کے طور پر ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ یکم اکتوبر کو رام بن ضلع میں ایک گاڑی سے کروڑوں روپے مالیت کی 30 کلو گرام ہیروئن بر آمد ہوئی تھی، جس دوران پولیس نے دو منشیات سمگلروں کو بھی گرفتار کیا تھا۔ یہ بازیابی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر پنجاب جانے والی ایک نجی کار سے کی گئی تھی۔