عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر پولیس نے جموں میں ایک بین ریاستی منشیات نیٹ ورک کا پردہ فاش کرکے دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے بڑی مقدار میں ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن میرن صاحب کی ایک ٹیم نے بالول پر ناکے کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 11.6 کلو گانجہ جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جبکہ ایک موٹر سائیکل زیر رجسٹریشن نمبرJK02CX – 6327 کو بھی ضبط کی گئی۔گرفتار شدگان کی شناخت گردھاری لال ولد سلہ ساکن مدنی پور مدھیہ پردیش اور سورج کمار ولد وجے چودھری ساکن جمال پور اتر پردیش کے طور پر کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں منشیات فروش کے طور کام کر رہے ہیں اور ان کی تفتیش سے اس منشیات نیٹ ورک سے متعلق مزید جانکاری حاصل ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن میرن صاحب میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
جموں میں بین ریاستی منشیات کے نیٹ ورک کا پردہ فاش، دو گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد:پولیس
