سرکاری ملازمین کیلئے سوشل میڈیا استعمال کرنے کے لئے ہدایات جاری

سری نگر// جموں وکشمیر انتظامیہ نے سرکاری ملازمین کے لئے سوشل میڈیا کے استعمال کے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں سوشل میڈیا پر حکومت کی پالسیوں کی تنقید کرنے سے باز رہنے کی تاکید کی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکومت کی طرف سے جمعے کو جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا، ‘کوئی بھی سرکاری ملازم زبانی، تحریری یا کسی دوسرے ذریعے سے حکومت کی کسی بھی پالیسی یا کارروائی کی عوام میں یا کسی انجمن کے اجلاس میں تنقید یا بحث نہیں کرے گا اور نہ ہی وہ کسی بھی طرح سے ایسی کسی بحث یا تنقید میں حصہ لے گا’۔
حکمنامے میں ملازمین کو متنبہ کیا گیا کہ وہ کسی بھی ریڈیو نشریات یا پریس میں کوئی ایسی رائے یا بیان نہ دیں جس سے حکومت ہند، جموں وکشمیر حکومت کی کسی موجودہ یا حالیہ پالیسی یا اقدام پر منفی تنقید کا اثر پڑے۔
حکمنامے میں کہا گیا، ‘انتظامیہ نے نوٹ کیا کہ یہ ہدایات موجود ہونے کے با وجود بھی ملازمین کو ان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا، مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے فیس بک، ٹویٹر، انسٹاگرام وغیرہ فوری پیغام رسانی کی ایپلی کیشنز جیسے وٹس اپ، ٹیلی گرام وغیرہ کا استعمال کرتے ہوئے ایسے موضوعات پر ناپسندیدہ خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے جن پر قواعد کے تحت انہیں واضح طور پر تبصرہ کرنے سے منع کیا گیا ہے’۔
حکومت نے حکمنامے میں ذکر کیا ہے کہ ایسا دیکھا گیا کہ سرکاری ملازمین اکثر سوشل میڈیا پر اس طرح اپنے آپ کو مشغول رکھتے ہیں جو مقررہ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
حکمنامے میں ملازمین کو ہدایت دی گئی، ‘کوئی بھی سرکاری ملازم اپنے کام کی جگہ سے متعلق شکایات سوشل میڈیا پر ویڈیوز، پوسٹس، ٹویٹز یا بلاگر یا کسی اور شکل میں پوسٹ نہیں کرے گا بلکہ محکموں میں پہلے سے شکایات کے ازالے کے لئے قائم چینلز کی طرف رجوع کرے گا’۔
حکومت نے ملازمین سے کہا ہے، ‘کوئی بھی سرکای ملازم سیاسی، سیکولر مخالف اور فرقہ وارانہ مواد کو پوسٹ، ٹویٹ یا شیئر نہیں کرے گا یا اسی نوعیت کے پیجز، کمیونٹیز، ٹویٹر ہینڈلز اور بلاگز کو سبسکرائب نہیں کرے گا’۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ ان رہنما خطوط کی خلاف ورزی بد انتطامی کے مترادف ہوگی اور قصور وار ملازم کے خلاف متعلقہ قواعد کے تحت تادیبی کارروائی کا باعث ہوگی۔
حکمنامے کے مطابق سزا میں جرمانہ جو ایک ماہ کی تنخواہ سے زیادہ نہ ہو، انکریمنٹ یا پروموشن کو روکنا،پوسٹ کو گھٹانا، کسی بھی مالیاتی نقصان کی پوری یا جزوی تنخواہ سے وصولی، متناسب پینشن پر قبل از وقت رٹائرمنٹ، ریاست کی ملازمت سے برطرفی جو پھر مستقبل میں ملازمت کا اہل نہ ہو وغیرہ شامل ہیں۔