عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے ایک اہلکار کے لاپتہ ہونے کے بعد اسے دہلی میں بغیر اجازت اپنے آبائی علاقے جاتے ہوئے پائے جانے پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔اہلکار کی شناخت 24 سالہ کانسٹیبل (جنرل ڈیوٹی) سگم چودھری کے طور پر ہوئی ہے، جو بی ایس ایف کی 60ویں بٹالین کی ’سی‘ کمپنی میں تعینات تھا۔
اہلکار 31 جولائی 2025 کو شام تقریباً 5 بجے پنتھہ چوک میں واقع بٹالین ہیڈکوارٹر سے بغیر اطلاع کے غائب پایا گیا تھا۔ایک اہلکار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا’’وہ اپنے آبائی علاقے بغیر پیشگی اجازت کے جا رہا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ اہلکار کو تلاش کر لیا گیا ہے اور وہ محفوظ ہے۔
بی ایس ایف نے بتایا ہے کہ واقعے کی مکمل جانچ کے لیے ایک انکوائری کا حکم دیا گیا ہے، تاکہ بغیر غیر حاضری کی وجوہات اور حالات کا پتہ لگایا جا سکے۔ انکوائری کی روشنی میں کسی بھی ممکنہ تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگرچہ اہلکار کی سلامتی باعث اطمینان ہے، تاہم ڈیوٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی اور بغیر اجازت سفر جیسے معاملات کو فورس کے نظم و ضبط کے اصولوں کے تحت سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
سرینگر سے لاپتہ بی ایس اہلکاردہلی میں بازیاب ، تحقیقات شروع
