عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ایک مشہور یوٹیوبر اور اسٹنٹ بائیکر جتندر شرما عرف جنّو کو ٹریفک پولیس سٹی جموں نے جمعہ کے روز سڑکوں پر جان لیوا اسٹنٹس کرنے، لوگوں کی جانیں خطرے میں ڈالنے اور نوجوانوں میں خطرناک رویوں کو فروغ دینے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
ایک جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، ٹریفک پولیس سٹی جموں نے گزشتہ روز جتندر شرما ولد نریندر شرما، ساکن مکان نمبر 466-A، گاندھی نگر، جموں کو گرفتار کیا۔ وہ خاص طور پر سدھرا فلائی اوور کے علاقے میں اپنے KTM 390 DUKE بائیک (نمبر JK02DG3400) پر خطرناک اسٹنٹس کرنے کے لیے بدنام تھا۔
جتندر عرف جنّو، جو “Moto Vlogger Jannu Stunts” کے نام سے یوٹیوب چینل چلاتا ہے اور جس کے تقریباً 20 لاکھ فالوورز ہیں، کو عوام کی جانب سے متعدد بار رپورٹ کیا گیا تھا کہ وہ نہ صرف اپنی جان خطرے میں ڈال رہا ہے بلکہ سدھرا بائی پاس، رنگ روڈ، جموں-سانبہ روڈ سمیت مختلف ہائی ویز پر پیدل چلنے والوں کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اتنے بڑے فالوونگ والے یوٹیوب چینل کے ذریعے وہ جموں و کشمیر سمیت دیگر مقامات پر نوجوانوں کو ایسے خطرناک عمل کرنے کے لیے متاثر کر رہا تھا۔ اس کے خلاف تھانہ نگروٹہ جموں میں ایف آئی آر نمبر 104/2025، دفعہ 281/125 بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس سٹی جموں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسے جان لیوا رویوں سے بچنے کی تلقین کریں اور انہیں اس قسم کی لاپرواہی سے روکیں۔ کسی بھی ایسے عمل میں ملوث شخص کی اطلاع +9194191-47732 (TCU جموں) پر یا [[email protected]](mailto:[email protected]) (ایس ایس پی ٹریفک سٹی جموں کی سرکاری ای میل آئی ڈی) پر دی جا سکتی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مستقبل میں بھی ایسے عناصر کے خلاف اسی طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
جموں میں جان لیوا اسٹنٹس کرنے والا یوٹیوبر گرفتار
