عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جھیل ڈل کے دلکش مگر حساس آبی علاقے میں منگل کو ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی جانب سے مورک ڈرل کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جس کا مقصد ممکنہ قدرتی آفات یا حملوں کی صورت میں فوری اور منظم ردعمل کی صلاحیتوں کو جانچنا اور بہتر بنانا تھا۔
ذرائع کے مطابق، یہ مشق وزارت داخلہ کی ہدایت پر پورے ملک میں 7 مئی کو منعقد کی جانے والی سول ڈیفنس ڈرل کا حصہ تھی۔ جھیل میں مختلف ٹیموں نے پانی میں ڈوبنے، کشتی حادثے اور ممکنہ دہشت گردی کے واقعے کی فرضی صورتحال کو عملی طور پر نبھایا، تاکہ ریسکیو اہلکاروں کی تیاری کا جائزہ لیا جا سکے۔
ڈرل کے دوران ایس ڈی آر ایف کے غوطہ خوروں اور ماہرین نے جھیل کے وسط میں فرضی حادثہ ہونے پر امدادی کارروائیاں انجام دیں، جن میں زخمیوں کو بچانا، ابتدائی طبی امداد فراہم کرنا اور محفوظ مقامات تک منتقل کرنا شامل تھا۔
ایس ڈی آر ایف کے ایک سینئر افسر نے کہا’ہماری کوشش ہے کہ قدرتی آفات یا کسی بھی ہنگامی صورت حال میں بروقت کارروائی کی جائے۔ ڈل جھیل ایک سیاحتی مرکز ہے اور یہاں سیکورٹی و ریسکیو کی تیاریاں ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مشقیں نہ صرف فورسز کی تیاری کو جانچتی ہیں بلکہ عوامی اعتماد کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔یہ موک ڈرل ایک ایسے وقت میں منعقد ہوئی ہے جب مرکز کی جانب سے ریاستوں کو شہری دفاعی تیاریوں کو بہتر بنانے اور عام لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ہندوپاک کشیدگی : جھیل ڈل میں ایس ڈی آر ایف کی موک ڈرل، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں کا لیا جائزہ
