عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ بھارت کا تنوع میں اتحاد کا منتر اتنا جامع ہے کہ اس میں تقسیم کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ مودی نے زور دے کر کہا کہ ترقی اور ورثہ مل کر آگے بڑھتے رہیں گے۔
بھارت منڈپم، پرگتی میدان میں سریلا پربھوپادا کے 150ویں یوم پیدائش کے موقع پر ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اب بھارت میں ایودھیا اور متھرا-ورنداون کی تبدیلی کے ساتھ وندے بھارت ٹرین بھی چلے گی۔
انہوں نے روحانی گرو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی 150 ویں یوم پیدائش ایک ایسے وقت میں منائی جارہی ہے جب صرف چند دن قبل ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر کا صدیوں پرانا خواب پورا ہوا تھا۔
ایودھیا میں رام مندر اور وہاں 22 جنوری کو تقدیس کی تقریب کے بارے میں بات کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اتنا بڑا ’مہایگیہ‘ صرف سنتوں کے آشیرواد سے مکمل ہوا۔
وزیرِ اعظم نے کہا، “ہم سریلا پربھوپادا کی 150 ویں یوم پیدائش اس وقت منا رہے ہیں جب صرف چند دن پہلے ایک عظیم الشان رام مندر کا صدیوں پرانا خواب پورا ہوا تھا۔ آپ کے چہرے پر جو جوش و خروش نظر آرہا ہے وہ رام للا ’ویراجمان‘ کے لیے خوشی کا بھی عکاس ہے“۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کا تنوع میں اتحاد کا منتر اتنا سادہ اور جامع ہے کہ اس میں تقسیم کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 15ویں صدی کے سنت چیتنیا مہا پربھو بھگوان کرشن کے لیے محبت کا مظہر تھے۔
مودی نے کہا، ”انہوں نے روحانیت اور روحانی عمل کو عام لوگوں کے لیے قابل رسائی بنایا“۔
وزیر اعظم روحانی گرو کے اعزاز میں ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ اور ایک سکہ بھی جاری کریں گے۔
پربھوپادا گاوڑیا مشن کے بانی تھے جس نے وشنو عقیدے کے بنیادی اصولوں کے تحفظ اور پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ گاوڑیا مشن نے سری چیتنیا مہا پربھو کی تعلیمات اور وشنو مت کے بھرپور روحانی ورثے کو پوری دنیا میں پھیلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اسے ہرے کرشنا تحریک کا مرکز بنا دیا ہے۔