عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/بھارتی فوج کو امریکہ سے اپاچی جنگی ہیلی کاپٹروں کی پہلی کھیپ موصول ہو گئی ہے، جو جلد ہی راجستھان کے جودھپور میں تعینات کیے جائیں گے۔ فوجی حکام کے مطابق ان جدید لڑاکا ہیلی کاپٹروں کی شمولیت سے بھارتی فوج کی آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
بھارتی فوج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے کہابھارتی فوج میں اپاچی کی شمولیت۔ اپاچی ہیلی کاپٹروں کی پہلی کھیپ آج بھارت پہنچی، جو فوجی ہوا بازی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ جدید نظام بھارتی فوج کی آپریشنل صلاحیتوں کو مضبوطی فراہم کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق اپاچی ہیلی کاپٹروں کی فراہمی میں تقریباً 15 ماہ کی تاخیر ہوئی۔ اس پیشرفت سے قبل بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے امریکی وزیر دفاع سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے ہیلی کاپٹروں اور ’’ایل سی اے تیجس‘‘میں استعمال ہونے والے GE F404 انجنز کی فراہمی کو تیز کرنے کی اپیل کی تھی۔
بھارت اور امریکہ کے درمیان 2020 میں چھ اضافی اپاچی ہیلی کاپٹروں کی خریداری کے لیے 600 ملین ڈالر کا معاہدہ طے پایا تھا۔ اس سے قبل 2015 میں بھارتی فضائیہ کے لیے 22 اپاچی ہیلی کاپٹر خریدے گئے تھے۔
AH-64E اپاچی دنیا کے جدید ترین اٹیک ہیلی کاپٹروں میں شمار ہوتا ہے، جو انتہائی خطرناک جنگی ماحول میں درست نشانے کے ساتھ حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔امریکی دفاعی کمپنی بوئنگ کا تیار کردہ یہ ہیلی کاپٹر امریکہ، برطانیہ، اسرائیل، مصر اور اب بھارت سمیت کئی طاقتور افواج میں خدمات انجام دے رہا ہے۔
یہ 30 ملی میٹر چین گن، لیزر اور ریڈار گائیڈڈ ہیلفائر میزائل، اور راکٹ پوڈز سے لیس ہے، جو بیک وقت کئی زمینی اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔اس کی خاصیت ’’لانگ بو ریڈار‘‘ہے، جو روٹر کے اوپر نصب ہوتی ہے اور دشمن کو نظر آئے بغیر اہداف کو تلاش، شناخت اور ترجیحی بنیادوں پر نشانہ بنانے میں مدد دیتی ہے۔
بھارتی فوج کو امریکہ سے اپاچی ہیلی کاپٹروں کی کھیپ موصول، فوج نے اہم سنگ میل قراردیا
