سری نگر/ مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کی معیشت غیر معمولی رفتار سے ترقی کر رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب ہندوستان دنیا کی پہلی معیشت کے طور پر ابھرے گا۔ڈاکٹر سنگھ نے یہ بات سری نگر میں انڈین چیمبر آف کامرس کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے پالیسی سطح پر انقلابی فیصلے کیے ہیں، جن کے نتیجے میں پرائیویٹ سیکٹر کو بھرپور حوصلہ افزائی اور مواقعے فراہم ہوئے ہیں۔انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس برس نیوکلئیر سیکٹر کو بھی نجی سرمایہ کاری کے لیے کھول دیا ہے، جو ایک تاریخی فیصلہ ہے۔ ان کے مطابق ’اب پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر کو یکساں مواقع حاصل ہیں، اور یہ اجتماعی وژن ہی ہماری معیشت کو چوتھے نمبر سے تیسرے، تیسرے سے دوسرے اور پھر پہلے نمبر پر لے جائے گا۔مرکزی وزیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہندوستان کے تاجر، صنعت کار اور نئی نسل کے انٹرپرینیورز ملک کو معاشی سپر پاور بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔