عظمیٰ ویب ڈیسک
جدہ/سعودی عرب کے آج سے شروع ہونے والے اپنے دو روزہ دورے سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کے ’’لامحدود امکانات‘‘کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدم استحکام سے بھری دنیا میں دونوں ممالک کے تعلقات استحکام کے ایک مضبوط ستون کی طرح کھڑے ہیں۔
مودی نے عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم آج سے سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ 2016 اور 2019 کے بعد یہ ان کا سعودی عرب کا تیسرا دورہ ہے۔
سعودی عرب کو ایک قابل بھروسہ اور حکمت عملی کے لحاظ سے اہم پارٹنر کے طور پر بیان کرتے ہوئے مودی نے اس بات پر زور دیا کہ سال 2019 سے اسٹریٹجک پارٹنر کونسل کی تشکیل کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات میں نمایاں طور پر توسیع ہوئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا، ‘ہماری شراکت میں لامحدود امکانات ہیں۔ ہمارے تعلقات عدم استحکام سے بھری دنیا میں استحکام کے ستون کی طرح مضبوط ہیں۔ انہوں نے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی قیادت کی تعریف کی اور انہیں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا حامی اور ویژنری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی شہزادے نے اپنے وژن 2030 پر پوری دنیا میں پذیرائی حاصل کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب بھی میں ان سے ملا ہوں ولی عہد نے میرے اوپر ایک تاثر چھوڑا ہے۔ ان کی بصیرت، دور اندیشی اور عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کا جذبہ قابل تعریف ہے۔
دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی عزائم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عالمی چیلنجوں کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان توانائی، زراعت اور کھاد جیسے اہم شعبوں میں تجارتی تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔
مودی نے خاص طورپرگرین ہائیڈروجن اور ٹیکنالوجی جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں سعودی عرب اور ہندوستان کے تجارتی تعلقات کے گہرے انضمام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی کمپنیاں سعودی عرب میں مختلف شعبوں میں گہرائی تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔مودی نے سعودی عرب کو ورلڈ ایکسو 2030 اور فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی حاصل کرنے پر مبارک باد دی اوراسے دوہری کامیابی قرار دیا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون اور دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کو بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک اعتماد کی علامت قرار دیا۔ ستمبر 2023 میں جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران شروع ہونے والے انڈیا ویسٹ ایشیا یورپ اکنامک کوریڈور (آئی ایم ای ای سی) پر بات کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ یہ منصوبہ پورے خطے میں ترقی، تجارت اور رابطے کے لیے بہت اہم ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا،2014 سے ہمارے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں، مجھے یاد ہے جب مجھے 2016 میں شاہ سلمان نے دی آرڈر آف کنگ عبدالعزیزسے نوازا تھا۔ میں سچ میں سمجھتا ہوں کہ یہ دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے امید بھراوقت ہے اور میں یہ کہوں گا کہ سعودی قیادت نے اس شراکت داری کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مودی نے کہا، ہندوستان اور سعودی عرب ایک ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے – امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے، نہ صرف ہمارے لوگوں کے لیے، بلکہ پوری دنیا کے لیے۔
سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں بے پناہ امکانات ہیں: مودی
