عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت میں عوام اپنا گھر بنانے کے خواب کو پورا کر رہے ہیں اور ریئل اسٹیٹ کی ترقی سے مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو بھی فائدہ پہنچنا چاہیے۔آل انڈیا فورم آف ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹیز کی گورننگ کونسل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایل جی سنہا نے کہا،وزیر اعظم ہاؤسنگ اسکیموں کے تحت نئے گھروں کی منظوری دی جا رہی ہے۔ یہ شعبہ تقریباً 10 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کو اپنی طرف متوجہ کرے گا اور 2040 تک اس کی مالیت 1.04 ٹریلین ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کے بعد ریئل اسٹیٹ دوسرا سب سے بڑا روزگار فراہم کرنے والا شعبہ بن گیا ہے۔ تاہم چیلنجز بھی ہیں کیونکہ خریداروں کو گھروں کے قبضے کے لیے برسوں انتظار کرنا پڑا۔ کئی ڈیولپرز نے پروجیکٹ ضم کر دیے اور بعض خریداروں کو چھت تک نصیب نہیں ہوئی۔
ایل جی سنہا نے کہاپہلے بھارت میں ایسے مسائل کو حل کرنے کا کوئی نظام نہیں تھا۔ آج پورا ملک گھر کی ملکیت کا خواب پورا کر رہا ہے اور لوگ وزیر اعظم مودی کی رہنمائی میں صبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اب تمام متعلقہ معلومات عوامی سطح پر دستیاب ہیں اور ریئل اسٹیٹ کی ترقی کو مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کی صحت اور تعلیم کے تقاضے پورے کرنے چاہئیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہامیں سب کا جموں و کشمیر میں خیر مقدم کرتا ہوں۔ گزشتہ چند دہائیوں میں ریئل اسٹیٹ نے نمایاں ترقی کی ہے اور یہ معیشت کے لیے ایک کلیدی شعبہ بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لگژری ہاؤسنگ سیکٹر میں اضافہ ہوا ہے اور جائیداد کی قیمتوں میں سالانہ 14 سے 15 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں مزید اضافے کے امکانات ہیں۔ ان کا زور تھا کہ مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کی ضروریات پوری کی جائیں۔ایل جی سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر نے شفافیت اور تمام دیگر ضروری اقدامات کے ساتھ کامیابی سے نظام نافذ کیے ہیں۔ ــــ
وزیر اعظم مودی کی قیادت میں بھارتی عوام کا ’’اپنا گھر ‘‘بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہورہا ہے : ایل جی منوج سنہا
