عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں ایک درانداز کی ہلاکت کے بعد بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے پاکستان رینجرز کے ساتھ فلیگ میٹنگ کی، جس دوران بی ایس ایف نے اپنا شدید احتجاج درج کرایا۔
اطلاعات کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب بین الاقوامی سرحد پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک درانداز کو ہلاک کر دیا۔
بی ایس ایف کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ 4 اور 5 اپریل 2025 کی درمیانی رات کو بی ایس ایف کے چوکس جوانوں نے جموں کے سرحدی علاقے میں مشتبہ نقل و حرکت دیکھی۔ ایک درانداز کو بین الاقوامی سرحد عبور کرتے ہوئے دیکھا گیا، جسے بعد ازاں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
ترجمان نے بتایا، “بی ایس ایف اہلکاروں نے درانداز کو للکارا، تاہم اس نے وارننگ کو نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی کوشش جاری رکھی۔ خطرے کو بھانپتے ہوئے، اہلکاروں نے فائرنگ کی اور اسے بے اثر کر دیا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ درانداز کی شناخت اور اس کے عزائم کی تحقیقات جاری ہیں۔
دریں اثنا بی ایس ایف نے واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ہفتے کے روز دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب جائے وقوعہ کے نزدیک پاکستانی رینجرز کے ساتھ ایک مختصر دورانیے کی فلیگ میٹنگ کی۔
ذرائع کے مطابق، پاکستانی رینجرز نے درانداز کی لاش لینے سے انکار کر دیا ہے۔
بی ایس ایف نے مسلسل دراندازی کے واقعات پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے واضح احتجاج درج کرایا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ متوفی کی عمر تقریباً 35 برس ہے، اور اس کے قبضے سے کوئی قابل اعتراض مواد برآمد نہیں ہوا۔
درانداز کی ہلاکت کا معاملہ: بی ایس ایف نے پاکستان رینجرز کے ساتھ فلیگ میٹنگ کی
