عظمیٰ ویب ڈیسک
ممبئی// وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ ملک کو اگلے 10 سالوں میں اقتصادی طور پر خود کفیل بننے کی ضرورت ہے تاکہ ملک عالمی عوامل سے زیادہ متاثر نہ ہو۔
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ جون میں بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے کے تیسری مدت کے لیے عہدہ سنبھالنے کے بعد ہر ایک کے لیے بہت سارے کام پیدا ہوں گے۔
اُنہوں نے کہا، “ہمیں بھارت کی اقتصادی خود انحصاری کو بڑھانا ہے”۔
مودی نے کہا کہ بینکنگ سیکٹر منافع بخش ہو گیا ہے اور ان کی حکومت اور آر بی آئی کی طرف سے گزشتہ دہائی میں کی گئی کوششوں کی وجہ سے کریڈٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پبلک سیکٹر بینکوں کے مجموعی این پی اے، جو 2018 میں تقریباً 11.25 فیصد تھے، ستمبر 2023 تک گر کر 3 فیصد سے بھی کم رہ گئے۔
مودی نے کہا کہ “ٹون بیلنس شیٹ” کا مسئلہ اب ماضی کی بات ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آر بی آئی نے ان تمام کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔