نئی دہلی/کانگریس نے جمعہ کو کہا کہ چین ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات میں بگاڑ کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے اور ہندوستان کو اپنی شرائط پر تعلقات بہتر کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے جمعہ کو یہاں ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو جاپان کے بعد چین کا دورہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ دورہ بہت اہم ہے لیکن اس دوران پاک۔ چین گٹھ جوڑ کے پیش نظر ہندوستان کے مفادات کا خاص خیال رکھنا ہو گا۔
مسٹر رمیش نے کہا کہ مسٹر مودی غیر ملکی دورے پر ہیں۔ مسٹر مودی جاپان کے بعد چین جائیں گے۔ پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی کے دوران چین کے کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے ساتھ دو طرفہ امور پر بات کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ “ہمیں چین کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے پر مجبور کیا جا رہا ہے – اور وہ بھی زیادہ تر ان کی شرائط پر۔ چین ہندوستان۔ امریکہ تعلقات میں بگاڑ کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ آپریشن سندور کے دوران پاکستان اور چین کی ملی بھگت کو ہماری ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے بے نقاب کیا تھا لیکن اب لگتا ہے کہ اسے فراموش کر دیا گیا ہے۔” کانگریس کے ترجمان نے چین کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے مسٹر مودی کے ایک پرانے بیان کا حوالہ دیا اور کہا کہ “وزیر اعظم کے 19 جون 2020 کے عجیب و غریب بیان، جس میں انہوں نے کہا تھا – نہ تو کوئی ہماری سرحد میں داخل ہوا ہے اور نہ ہی کوئی اندر ہے – نے ہماری بات چیت کی صلاحیت کو سنجیدگی سے کمزور کیا ہے۔ اس بیان کی وجہ سے ہندوستان کے پاس اب بہت کم گنجائش رہ گئی ہے۔ مسٹر مودی کا یہ دورہ چین کو کلین چٹ دینے جیسا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب وزیر اعظم غیر ملکی دورے پر روانہ ہوئے ہیں، مئی 2023 کے واقعات سے پریشان منی پور کے لوگ اب بھی ان کی آمد کے منتظر ہیں، تاکہ زخموں پر مرہم رکھا جا سکے۔ لیکن وزیر اعظم ریاستی رہنماؤں، سیاسی جماعتوں، سول تنظیموں یا عام لوگوں سے بات چیت کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے پوری طرح سے منی پور کو بے آسرا چھوڑ دیا ہے۔ منی پور وزیر داخلہ امیت شاہ کی زبردست ناکامی کا زندہ، افسوسناک ثبوت بن گیا ہے۔
ہندوستان کو چین کے ساتھ اپنی شرائط پر تعلقات بہتر کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے: کانگریس
