سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ انڈیا الائنس صرف لوک سبھا انتخابات کے لیے تشکیل نہیں دیا گیا، بلکہ اس کا مقصد ملک کو مضبوط بنانا اور بھارت میں بڑھتی نفرت کو ختم کرنا ہے۔
سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وضاحت کی کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ اتحاد محض پارلیمانی انتخابات کے لیے ہے، انہیں اپنی سوچ بدلنی چاہیے۔ انہوں نے کہا، “یہ اتحاد قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور ملک کے اندر موجود نفرت کو ختم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے”۔
آندھرا پردیش کے تروپتی میں بدھ کی رات بھگدڑ میں چھ افراد کی ہلاکت کے بعد، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مذہب کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو مذہبی اجتماعات کے دوران حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا چاہیے۔
انہوں نے جموں میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، “لوگ عبادت کے لیے جاتے ہیں، اپنی جان گنوانے کے لیے نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کرے اور ان اجتماعات کے لیے بہتر انتظامات کرے”۔
فاروق عبداللہ نے مزید کہا، “بھارت میں مذہب کو انتہائی اہمیت دی جاتی ہے، اس لیے یہ ضروری ہے کہ ان اجتماعات کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے موثر انتظامات کیے جائیں”۔
انڈیا الائنس کا مقصد صرف انتخابات نہیں، بلکہ ملک کو مضبوط بنانا ہے: فاروق عبداللہ
