جموں/ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں (ڈی ایس ای جے) نے منگل کے روز اعلان کیا کہ جموں ڈویژن کے تمام سرکاری و نجی اسکول 3 ستمبر کو بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ خراب موسمی پیش گوئی اور خطرناک صورتحال کے خدشات کے پیش نظر لیا گیا ہے۔
محکمہ کی جانب سے جاری ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خطے میں موسلا دھار بارش، بادل پھٹنے، فلیش فلڈس اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے پیش نظر طلبہ اور عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔
ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن نے مزید ہدایت دی ہے کہ جہاں ممکن ہو، وہاں آن لائن کلاسز کا اہتمام کیا جائے تاکہ تدریسی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔
واضح رہے کہ گذشتہ کئی روز سے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارشوں اور طغیانی کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہیں، جبکہ کئی مقامات پر شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بھی بند پڑی ہیں۔
خراب موسمی حالات کے پیش نظر جموں صوبے کے تمام اسکول 3 ستمبر کو بند رہیں گے: حکام
