ملک میں یکساں سول کوڈ کا نفاذ وزیرِ اعظم مودی کی ’گارنٹی‘: امت شاہ

عظمیٰ ویب ڈیسک

نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت ملک میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) نافذ کرے گی کیونکہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ’گارنٹی‘ ہے۔
شاہ مدھیہ پردیش میں گنا لوک سبھا سیٹ کے تحت اشوک نگر ضلع کے پپرائی علاقے میں ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے، جہاں سے مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا بی جے پی امیدوار کے طور پر مقابلہ کر رہے ہیں۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی پر نشانہ لگاتے ہوئے شاہ نے کہا، ”راہول بابا، آپ مطمئن کرنے کے لیے جو چاہیں کر سکتے ہیں۔ جب تک بی جے پی ہے، وہ پرسنل لاز کی اجازت نہیں دے گی۔ یہ ہمارا وعدہ ہے اور مودی جی کی گارنٹی ہے کہ ہم پورے ملک میں یو سی سی کو نافذ کریں گے جیسا کہ ہم نے اتراکھنڈ میں کیا ہے”۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت نے ملک میں نکسل ازم اور دہشت گردی کو ختم کردیا ہے۔
شاہ نے کہا، ”2019 میں مودی حکومت نے دفعہ 370 کو صرف ایک جھٹکے میں منسوخ کر دیا۔ راہول بابا ڈر گئے اور کہا کہ خون کی ندیاں بہیں گی… لیکن راہول بابا، یہ کانگریس کی حکومت نہیں ہے… مودی حکومت ہے۔ ان میں ایک پتھر مارنے کی بھی ہمت نہیں ہے، لہو کی ندیوں کی تو بات ہی کریں“۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کو دہشت گردی اور نکسل ازم سے آزاد کرایا ہے اور مدھیہ پردیش کو بھی اس سے آزاد کرایا ہے۔