عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر زون، وی کے بردی نے بدھ کے روز پولیس کنٹرول روم کشمیر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی، جس میں آنے والی دو اہم تقریبات نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی کے زیر اہتمام پروگرامز اور کشمیر یونیورسٹی ایلومنائی میٹ کے لیے سیکورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پی وی کے بردی نے اجلاس کے دوران کہا کہ ’این ایل ایس اے‘ کی تقریبات قانونی آگاہی کو فروغ دینے اور انصاف تک عوام کی رسائی بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے ان تقریبات کے دوران سخت چوکسی اور موثر سیکورٹی اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کشمیر یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے ایلومنائی میٹ کو ایک باوقار اور علمی سطح کا اجتماع قرار دیتے ہوئے اس کے لیے بھی مکمل حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
آئی جی پی نے افسران کو ہدایت دی کہ اہم مقامات کے گرد نگرانی کو مزید سخت کیا جائے، سی سی ٹی وی کوریج کو بڑھایا جائے اور عوام و شرکاء کی آسان نقل و حرکت کے لیے ٹریفک مینجمنٹ پلان کو مؤثر طور پر لاگو کیا جائے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں تقریبات نہایت اہمیت کی حامل ہیں اور پولیس و سیکورٹی ادارے تمام شرکاء کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
نارتھ زون ریجنل کانفرنس :آئی جی کشمیر نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا
