عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) بھیم سین توتی نے کٹھوعہ ضلع میں فارورڈ آپریٹنگ بیسز کا دورہ کرتے ہوئے کسی بھی ممکنہ حفاظتی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے سخت چوکسی اور فعال اقدامات پر زور دیا ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جموں- سانبہ- کٹھوعہ رینج، شیو کمار شرما کے ساتھ پیر کو بین الاقوامی سرحد کے ساتھ فارورڈ آپریٹنگ بیسز کا آئی جی پی کا دورہ سرحدی سیکورٹی کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ تھا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ دورے کے دوران توتی نے موجودہ سیکورٹی انتظامات، آپریشنل تیاریوں اور پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں کے درمیان رابطہ کاری کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ آئی جی پی نے ان سٹریٹجک مقامات پر تعینات افسران اور اہلکاروں سے بات چیت کی اور ان کو در پیش آپریشنل چیلنجز کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور خطے کی حفاظت میں ان کی لگن کا اعتراف کیا۔
ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ آئی جی پی نے کسی بھی ممکنہ سیکورٹی خطرے سے نمٹنے کے لیے سخت چوکسی، بہتر نگرانی اور فعال اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور سرحدی علاقوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہموار بین ایجنسی تال میل کی اہمیت کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بعد میں آئی جی پی نے ڈی آئی جی کے ساتھ جموں-سانبہ بیلٹ میں رنگ روڈ کے ساتھ سیکورٹی انتظامات کا دیر رات گئے معائنہ کیا اور اس دوران مصروف سڑک پر اہلکاروں کی تعیناتی، حفاظتی اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
آئی جی پی نے ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں سے بات چیت کی اور ان کے آپریشنل چیلنجز اور ضروریات کے بارے میں دریافت کیا۔آئی جی پی نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیسنگ کی حکمت عملیوں میں مسلسل چوکسی اور بہتری پر زور دیا۔
آئی جی پی جموں کا ممکنہ حفاظتی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے سخت چوکسی اور فعال اقدامات پر زور
