عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پہلگام حملے کے بعد جموں و کشمیر کے لوگوں کے دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہونے کو ایک بڑی تبدیلی قرار دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈروں کو مشورہ دیا ہے کہ جب ملک کی یکجہتی اور سالمیت کا سوال ہو تو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور بے بنیاد باتیں نہیں کرنی چاہیے۔
سنہا نے پیر کی شام کو یہاں اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس (آئی جی این سی اے) کے آرٹ فنڈ ڈویژن کی طرف سے شائع کردہ کتاب ریمیجننگ جموں اینڈ کشمیر: اے پکٹوریل جرنی کا اجراء کیا۔ اس موقع پر ڈسکشن سیشن کے ساتھ ہی اسی عنوان سے ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔
پروگرام کی صدارت آئی جی این سی اے کے صدر رام بہادر رائے نے کی۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزیر میناکشی لیکھی بطور مہمان اعزازی موجود تھیں۔ یہ کتاب مشہور فوٹو جرنلسٹ آشیش شرما نے لکھی ہے اور اس میں جموں و کشمیر کے قدرتی حسن، ثقافتی ورثہ، سمارٹ سٹی اقدام، زراعت، دستکاری اور روحانی مقامات کو تصویروں کے ذریعے دکھایا گیا ہے۔ یہ نمائش 16 سے 25 جون 2025 تک آئی جی این سی اے کی آرٹ گیلری درشنم-1 میں صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک دیکھنے والوں کے لیے کھلی رہے گی۔
بحث کے سیشن کے مہمان خصوصی سنہا نے کہا،جموں و کشمیر کے تناظر میں 5 اگست 2019 کی تاریخ ایک اہم تاریخ ہے، جب جموں و کشمیر کو ہندوستان کے ساتھ مکمل طور پر انضمام کیاگیا۔ اسی طرح 6 جون 2025 کی تاریخ بھی اسی طرح کی ہے۔ اس دن جموں و کشمیر ملک کے ساتھ جسمانی طور پر ضم ہوا، جب کشمیر ریل روٹ کے ذریعہ کنیا کمار سے جڑ گیا۔ پانچ اگست اور چھ جون ملک کی تاریخ میں یاد رکھے جانے والے دن ہیں جنہوں نے اسے ممکن بنایا، وہ لوگ بھی یاد رکھے جائیں گے۔ 5 اگست اور 6 جون اس جمود کو دور کرنے کے دن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آشیش شرما کی یہ کافی ٹیبل بک پچھلے پانچ سالوں میں جموں و کشمیر میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ کتاب حقیقت میں ریاست میں ہونے والی مسلسل تبدیلیوں کو پیش کرتی ہے۔
ملک کی یکجہتی اور سالمیت کا سوال ہو تو بے بنیاد بات نہیں کرنی چاہیے: سنہا
