عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور رکن اسمبلی تنویر صادق کا کہنا ہے کہ اگر اپوزیشن جمعرات کو ہونے والے اسمبلی سیشن میں خلل نہیں ڈالے گی تو کچھ اہم بل پیش ہونے والی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ہے جس ہم کچھ اہم امور پر بات چیت ہوگی۔موصوف ترجمان اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہاامید ہے کہ کل یعنی جمعرات کو اچھے ماحول میں اسمبلی کا اجلاس ہوگا، اس میں کچھ اہم بل آنے والے ہیں، نیشنل کانفرنس بھی لینڈ گرانٹس ایکٹ کا بل لانے والی ہے اگر اپوزیشن نے سیشن کو در و برہم نہیں کیا، امید ہے کہ اسمبلی کا سیشن اچھے ماحول میں چلے گا۔
نیشنل کانفرنس کی طرف سے اتحادی پارٹیوں کے ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھاحسب معمول پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ صاحب نے اجلاس طلب کیا ہے جس میں راجیہ سبھا الیکشن کے لئے پارٹی کے امید وار بھی شرکت کریں گے اور اس میں کئی اہم امور پر بات چیت ہوگی۔تنویر صادق نے کہاراجیہ سبھا انتخابات بہت اہم ہیں ان کی وجہ سے جموں و کشمیر کی آواز دلی تک پہنچ جاتی ہے لہذا ہم نے اس کے لئے بہترین امیدوار کھڑا کئے ہیں اور امید ہے کہ ہم راجیہ سبھا کی تمام سیٹیں حاصل کریں گے۔رکن پارلیمان آغا روح اللہ کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھاآغا روح اللہ صاحب نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر ہیں وہ کابینی وزیر بھی رہ چکے ہیں اور رکن پارلیمنٹ بھی ہیں، امید کرتے ہیں کہ وہ پارٹی کی بھر پور حمایت کریں گے۔
اگر اپوزیشن اسمبلی میں خلل نہیں ڈالے گی تو کچھ اہم بل اسمبلی میں پیش ہونے والی ہیں: تنویر صادق
