عظمیٰ ویب ڈیسک
بھوپال/وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پاکستان کا نام لیے بغیر واضح الفاظ میں خبردار کیا کہ اب دہشت گردوں کے ذریعے ’پراکسی وار‘ نہیں چلے گا اور اگر ایسا ہوا تو ہم انہیں گھرمیں گھس کر ماریں گے۔ مودی نے یہاں لوک ماتا دیوی اہلیا بائی ہولکر کے 300ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ مہیلا سشکتی کرن مہاسمیلن سے خطاب کیا۔ اپنی تقریباً 40 منٹ کی تقریر میں انہوں نے اپنے خطاب کو خواتین کی بہادری پر مرکوز رکھا۔ انہوں نے حال ہی میں ختم ہونے والے آپریشن سندور کا بھی ذکر کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب دہشت گردوں کے ذریعے پراکسی وار نہیں چلے گا۔ اگر ایسا ہوا تو ہم انہیں گھر میں گھس کر ماریں گے۔ جو بھی دہشت گردوں کی مدد کرے گا اسے بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ اب ہر ہندوستانی کہہ رہا ہے اور ان کے جذبات کے مطابق اب اگر وہ ’’گولی‘‘ چلائیں گے، تو اس کا جواب ’’’گولے‘‘ سے دیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پہلگام میں دہشت گردوں نے نہ صرف ہندوستانیوں کا خون بہایا ہے بلکہ انہوں نے ہماری ثقافت پر بھی حملہ کیا ہے۔ انہوں نے ہمارے معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے۔ دہشت گردوں نے ہندوستان کی ناری شکتی کو للکارا ہے۔ یہ چیلنج دہشت گردوں اور ان کے آقاؤں کے لیے ’’موت‘‘ بن چکا ہے۔ اس حملے کے بعد ہندوستان کی کارروائی ’’آپریشن سندور‘‘ دہشت گردوں کے خلاف ملک کا اب تک کا سب سے بڑا اور کامیاب آپریشن ہے۔
مودی نے کہا، “پاکستانی فوج نے سوچا بھی نہیں تھا ، وہاں ہماری فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مٹی میں ملادیا۔ سینکڑوں کلومیٹر دور تک۔” مسٹر مودی نے کہا، “ساتھیو آپریشن سندور ہماری ناری شکتی کی طاقت کی بھی علامت بن گیا ہے۔ آپریشن میں بی ایس ایف نے بڑا کردار ادا کیا ہے۔ بی ایس ایف کی بیٹیاں سرحدوں پر مورچہ سنبھال رہی تھیں۔ انہوں نے سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔ بہادر بیٹیوں نے کمال بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔
دہشت گردوں کے ذریعے ’’پراکسی وار‘‘ کیا گیا تو گھر میں گھس کر ماریں گے :نریندر مودی
