عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی نے ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ملک کی اقتصادی ترقی اور مختلف شعبوں میں ترقی کی شرح کو تیز کرنے اور مرکز اور ریاستوں کے درمیان تال میل بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
راجدھانی میں نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کی 10ویں میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان اب ملک کے ہر شہری کی خواہش بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ترقی کی رفتار کو بڑھانا ہے، اگر مرکز اور تمام ریاستیں مل کر ٹیم انڈیا کی طرح کام کریں تو کوئی بھی مقصد ناممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان اب ہر شہری کا ہدف بن گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا، “ہندوستان تب ہی ترقی یافتہ ہو گا جب ہر ریاست ترقی کرے گی۔ یہ ملک کے 140 کروڑ شہریوں کی خواہش ہے۔
معیشت میں خواتین کے کردار کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا، “ہمیں خواتین کو افرادی قوت میں شامل کرنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ ہمیں ایسے قوانین اور پالیسیاں بنانے چاہئیں، جن سے انہیں احترام کے ساتھ افرادی قوت میں شامل کیا جا سکے۔”
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اس طرح کام کرنا چاہیے کہ نافذ کی گئی پالیسیاں عام شہریوں کی زندگیوں میں تبدیلی لائیں، جب لوگ تبدیلی کو محسوس کرتے ہیں تب ہی تبدیلی کو تقویت ملتی ہے اور تبدیلی ایک تحریک میں بدل جاتی ہے۔
انہوں نے کہا، “ایک ٹیم کے طور پر ہمارے پاس 140 کروڑ لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے کا بہترین موقع ہے۔ ہمیں 2047 تک ہندوستان کو ترقی یافتہ بنانے کے ہدف پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔ ہمارا مقصد یہ ہونا چاہئے کہ ہر ریاست ترقی کرے، ہر شہر ترقی کرے، ہر میونسپلٹی ترقی کرے اور ہر گاؤں ترقی کرے۔”انہوں نے کہا کہ اگر ہم ان تمام سمتوں میں مل کر کام کریں تو ہمیں ترقی یافتہ ہندوستان بننے کے لیے 2047 تک انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
انہوں نے سیاحت کے شعبے کی ترقی کے فوائد پر بھی روشنی ڈالی اور “ایک ریاست: ایک عالمی منزل” کا نعرہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو چاہئے کہ وہ ہر ریاست میں کم از کم ایک سیاحتی مقام کو عالمی معیار کے مطابق تیار کریں اور تمام سہولیات اور بنیادی ڈھانچہ فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمت عملی سیاحتی مقام کے آس پاس کے شہروں کو بھی سیاحتی مقامات کے طور پر ترقی دینے کا باعث بنے گی۔
نیتی آیوگ کے مطابق آج کی میٹنگ کا اہم موضوع ہے -2047 میں ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے ترقی یافتہ ریاستیں۔ راجدھانی کے بھارت منڈپم میں منعقدہ اس میٹنگ میں 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے ریاستوں کی ترقی پر خصوصی بات چیت کی جا رہی ہے۔
کمیشن کا خیال ہے کہ ریاستوں کو انسانی ترقی، اقتصادی ترقی، پائیداری، ٹیکنالوجی اور گورننس اصلاحات پر توجہ دینی چاہیے۔اپنے منفرد جغرافیائی اور آبادیاتی فوائد سے فائدہ اٹھانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔میٹنگ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلیٰ اور لیفٹیننٹ گورنرز، مرکزی وزراء اور نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین ،ممبران اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) شرکت کر رہے ہیں۔