عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ہفتہ کو کہا کہ جموں و کشمیر کے پونچھ خطہ کے لوگوں کو سرحد پار گولہ باری اور ان کے گھروں کی تباہی کی وجہ سے بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ متاثرین کو انصاف دلانے کے لئے قومی سطح پر ان کا مطالبہ اٹھائیں گے۔
گاندھی نے کہا، آج میں پونچھ میں پاکستانی گولہ باری میں اپنی جانیں گنوانے والوں کے کنبوں سے ملا۔ ٹوٹے ہوئے گھر، بکھرا ہوا سامان، نم آنکھیں اور ہر کونے میں اپنے پیاروں کو کھونے کی دردناک کہانیاں، پونچھ خطے کے یہ محب وطن کنبے ہر بار جنگ کا سب سے بڑا بوجھ ہمت اور وقار کے ساتھ اٹھاتے ہیں۔ ان کی ہمت کو سلام۔انہوں نے کہا کہ وہ متاثرہ کنبوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور ان کے مطالبات اور مسائل کو قومی سطح پر ضرور اٹھائیں گے۔
کانگریس کے لیڈر نے اپنے ارکان کے ساتھ متاثرہ کنبوں کے گھروں کا بھی دورہ کیا، جنہیں فائرنگ میں بھاری نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لوگوں کے لئے بحران کا وقت ہے اور ہم اس میں ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔
پونچھ کے لوگوں کے دکھوں ، انصاف کا مطالبہ قومی سطح پر اٹھاؤں گا: راہل
