عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/نائب وزیر اعلیٰ سریندرچودھری نے منگل کے روز وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا حالیہ بیان غلط مفہوم میں لیا گیا اور وہ سری نگر کے رکنِ پارلیمان سید آغا روح اللہ مہدی کے خلاف نہیں تھا۔
چودھری نے بتایا کہ ان کا بیان، جو ایک عوامی تقریب کے دوران ایک دن قبل دیا گیا تھا، دراصل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک امیدوار کے بارے میں تھا، نہ کہ نیشنل کانفرنس کے رہنما روح اللہ مہدی کے بارے میں۔انہوں نے کہا کہ’’تقریب کے دوران شور و غل اور بھیڑ بھاڑ کے باعث غلط فہمی پیدا ہوئی اور یہ تاثر گیا کہ میں نے یہ بات روح اللہ کے بارے میں کہی ہے۔
چودھری نے کہا، ’’میں آغا روح اللہ مہدی صاحب کا بہت احترام کرتا ہوں۔ وہ ایک معزز رہنما اور سری نگر کے عوام کے منتخب نمائندے ہیں۔ میرا مقصد کسی کے خلاف ذاتی یا سیاسی تبصرہ کرنا نہیں تھا۔نائب وزیراعلیٰکی یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب ان کے پہلے بیان پر سوشل میڈیا پر مختلف ردِعمل دیکھنے کو ملے، جہاں کئی صارفین نے اس بیان کے مقصد پر سوالات اٹھائے۔چودھری نے کہا کہ وہ تمام عوامی نمائندوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ رہنماؤں کے درمیان باہمی احترام اچھی حکمرانی اور عوامی خدمت کے لیے ضروری ہے۔
آغاروح اللہ کا احترام کرتا ہوں،میرے بیان کا غلط مفہوم لیا گیا:سریندرچودھری
