عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ پارلیمنٹ کی کارروائیاں چلنے کے حق میں رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واک آوٹ سے ہمیشہ حکمراں جماعت کو مدد ملتی ہے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں ایک تقریب کے بعد ایک پریس سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہامیں ہمیشہ پارلیمنٹ چلنے کے حق میں رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھاجب میں یوتھ کانگریس کا صدر بنا اس وقت یوتھ کانگریس کے 40 سے 50 ممبر ہی جیت کر آئے تھے،ہمیں پارلیمنٹ میں ایک بلاک دیا گیا تھا،اس وقت جب کوئی اپوزیشن لیڈر بولنا شروع کرتا تھا تو ہم کھڑے ہوجاتے تھے۔انہوں نے کہاایک دن مجھے اندرا جی نے پارلیمنٹ کے ایک کمرے میں بلایا اور کہا کہ آپ نوجوان جو یہاں چن کے آئے ہو آپ یہاں شور کرنے کے لئے نہیں بلکہ بولنے کے لئے آئے ہو، یہ نصیحت مجھے تب سے آج تک یاد ہے۔
آزاد نے کہاایوان کے کام کاج میں خلل ڈالنا حکومت کی مخالفت کا ذمہ دار طریقہ نہیں ہے، اگر آپ ایوان کو چلنے نہیں دینا چاہتے ہیں تو الیکشن کیوں لڑتے ہو، آپ گھر میں رہ کر مخالفت کر سکتے ہیں، پارلیمنٹ کا مقصد قومی، بین الاقوامی، معاشی اور عوامی مسائل کو اٹھانا ہے، ایوان شور مچانے کے لیے نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایوان کی کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالنے سے ہمیشہ حکمران جماعت کا فائدہ ہوتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاسینئر لیڈروں میں ہمیشہ وزیر رہنے کا شوق رہتا ہے وہ کسی نہ کسی طریقے سے سسٹم میں دوبارہ داخل ہونے کی کوشش کرتے رہتے ہیں جبکہ دوسری طرف، بہت سے نئے لوگ ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران نے گزشتہ چند مہینوں میں بڑی تعداد میں سیاست میں شمولیت اختیار کی ہے۔
اپنے سیاسی مستقبل پر بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ نے کہامیں نے ابھی فیصلہ کرنا ہے کہ میں الیکشن لڑوں گا یا نہیں، کشمیر میں سیاست مسائل سے زیادہ جذبات پر مبنی ہے، میں ہر الیکشن میں صرف ایک تقریر کرتا ہوں چاہے وہ جموں، دہلی یا سری نگر ہو۔سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں فورسز کو ایک اہم شرط کے ساتھ مکمل آزادی حاصل تھی۔انہوں نے کہاآپریشن ضرور چلنے چاہییں، لیکن انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہئے۔
میں ہمیشہ ایوان کی کارروائیاں چلنے کے حق میں رہا ہوں: غلام نبی آزاد
