بارہمولہ// پولیس نے ہفتہ کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں لشکر کے ایک جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس نے پولیس ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ ملزم محمد اقبال بھٹ ولد گلزار احمد بھٹ ساکن تلگام پائین کو پولیس اور فوج کی 29 آر آر کی مشترکہ پارٹیوں نے کریری کے ایک ناکے سے گرفتار کیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار افراد سے ایک پستول، پستول کا میگزین اور سات راو¿ند برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزم “عسکری سرگرمیوں کے لیے لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے میں سرگرم عمل رہا ہے اور وہ پاکستانی جنگجو سیف اللہ اور ابو ضرار کے ساتھ رابطے میں تھا”۔
پولیس نے کہا، “ہائبرڈ جنگجو کی کامیاب گرفتاری نے عسکریت پسندوں کی بڑی سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے اور پنچائتی ممبران اور غیر مقامی لوگوں پر مختلف حالیہ حملوں کے ذمہ دار ماڈیول کا پردہ فاش کیا ہے، اس کے علاوہ یہ جنگجو قومی شاہراہ پرناربل اور رینجی کے درمیان آئی ای ڈی حملہ کرنے کے لیے کیمیکل اور دیگر مواد فراہم کرنے میں سرگرم تھا۔ گرفتار جنگجو سے پوچھ گچھ سے مستقبل میں انسداد عسکریت پسندی کی کارروائیوں کے بارے میں مزید معلومات ملنے کا امکان ہے “۔