اننت ناگ// جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے پہلگام علاقے میں گزشتہ سال ایک خاتون کو قتل کرنے اور بعد میں مویشیوں کے باڑے میں جلانے کے الزام میں پولیس نے جمعہ کو خاتون کے شوہر اور ساس کو گرفتار کر لیا۔
پولیس افسر نے بتایا کہ مقتولہ شبنم اختر کو 4 اکتوبر 2024 کو اس کے شوہر عمران خان اور ساس نور حسن نے قتل کیا تھا۔
پولیس کے مطابق، تحقیقات کے دوران عمران خان، جو پیشے سے مزدور ہے، نے قبول کیا کہ اس نے اپنی ماں کی مدد سے اپنی بیوی کو قتل کیا اور لاش کو مویشی خانے میں جلا دیا۔
تحقیقات کے دوران، جائے وقوعہ سے پولیس ٹیم نے مجسٹریٹ، ایف ایس ایل ٹیم، اور ملزم کی موجودگی میں کچھ بال، ہڈیوں کے ٹکڑے اور مقتولہ کا موبائل فون برآمد کیا۔ ان اشیاء کو تحقیقات کے لیے سیل کر دیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 01/2025 درج کر لیا گیا اور دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔