عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سالانہ امرناتھ یاترا 2025 کے آغاز سے قبل جموں شہر میں واقع رجسٹریشن مراکز پر منگل کو ملک بھر سے آئے ہوئے یاتریوں کا ہجوم امڈ پڑا، جہاں عقیدت مندوں کے لیے موقع پر ہی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ رجسٹریشن مراکز پر صبح سویرے سے ہی یاتریوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔حکام کے مطابق جموں میں آنے والے یاتریوں کے لیے آن اسپاٹ رجسٹریشن کا عمل ٹوکن سسٹم کے ذریعے شروع ہو چکا ہے۔ یاتری پہلے سرسوتی دھام مرکز سے ٹوکن حاصل کرتے ہیں، جس کے بعد ان کی مکمل رجسٹریشن ویشنو دیوی دھام، پنچایت بھون اور مہاجن سبھا مراکز پر کی جاتی ہے۔
دوسری جانب، سادھوؤں کے لیے پرانی منڈی کے رام مندر کمپلیکس میں خصوصی رجسٹریشن کیمپ قائم کیا گیا ہے، جہاں اب تک ملک کے مختلف حصوں سے 300 سے زائد سادھو پہنچ چکے ہیں۔ ان کے لیے قیام و طعام کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق، یاترا کے دوران یاتریوں کے قیام کے لیے جموں ریجن کے مختلف مقامات، بشمول لکھن پور سے بانہال تک، 106 لاجمنٹ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 50 ہزار سے زائد یاتریوں کے لیے رہائش کی سہولیات دستیاب ہیں۔ڈویژنل کمشنرجموں رمیش کمارنے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ یاترا کا پہلا قافلہ 2 جولائی کو جموں سے روانہ ہوگا، جسے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھگوتی نگر بیس کیمپ سے جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے، جب کہ وادی کشمیر سے یاترا کا باقاعدہ آغاز 3 جولائی کو ہوگا۔
بھگوتی نگر بیس کیمپ میں پہنچے ہریانہ کے نرمل سنگھ نے بتایا کہ یہ میرا نواں سفر ہے۔ خوشی ہے کہ رجسٹریشن مکمل ہوگئی اور کل کے قافلے میں شامل ہو کر بابا برفانی کے درشن کا شرف حاصل کروں گا۔جارکھنڈ سے آئی اوما شکلہ نے بھی رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد امرناتھ یاترا پر روانگی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، ’یہ ایک ناقابلِ بیان روحانی تجربہ ہے، جس کے لیے میں برسوں سے منتظر تھی۔‘
انسپکٹر جنرل آف پولیس بھیم سین تُتی نے بتایا کہ یاترا کے لیے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس سال جموں صوبے میں 180 نیم فوجی دستوں کی کمپنیوں کو تعینات کیا گیا ہے، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر ایجنسیوں نے مل کر یاترا کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ جہتی سیکورٹی گرڈ تیار کیا ہے۔
امر ناتھ یاترا کے لیے جموں میں رجسٹریشن مراکز پر عقیدت مندوں کا ہجوم، سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات
