عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان اتوار کی صبح جموں سے 60 بسوں کے قافلے میں سینکڑوں افراد، جن میں زیادہ تر کشمیری پنڈت تھے، وادی کشمیر کی طرف روانہ ہوئے تاکہ کھیر بھوانی میلے میں شرکت کر سکیں، جو اس برادری کی سب سے بڑی مذہبی تقریبات میں سے ایک ہے۔کھیر بھوانی میلہ منگل کے روز پانچ رگنیا بھگوتی مندروں میں منعقد ہوگا، جن میں گاندربل کے تولامولا، کولگام کے منزگام اور دیوسر، اننت ناگ کے لوگری پورہ اور کپواڑہ کے ٹکر شامل ہیں۔
اس سال عقیدت مندوں کی روایتی بھیڑ کم نظر آئی، جس کی ممکنہ وجہ پہلگام میں ہونے والا حملہ اور اس کے بعد بھارت و پاکستان کے درمیان فوجی کارروائیاں ہو سکتی ہیں۔وادی اور دیگر حصوں سے تعلق رکھنے والے کشمیری پنڈتوں نے تولا مولا کے کھیر بھوانی مندر میں بڑی تعداد میں حاضری دی۔ریلیف کمشنر (مہاجرین) اروند کروانی، ڈپٹی کمشنر جموں سچن کمار ویشیہ اور سینئر پولیس افسران نے اس قافلے کو آج صبح جموں کے نواحی علاقے نگروٹہ سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
عقیدت مند منگل کو مندروں میں درشن کریں گے اور اگلے دن جموں واپس لوٹیں گے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جموں، جوگیندر سنگھ نے کہا کہ یاتریوں کے لیے تمام ضروری سیکورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔ریلیف کمشنر اروند کروانی نے کہا، “یاتریوں کی سلامتی، قیام و طعام اور سفر کے دوران تمام انتظامات مکمل ہیں۔”
شرُتی دھر، ایک بزرگ عقیدت مند نے کہا، “میں کھیر بھوانی کی باقاعدہ یاتری ہوں اور اس بار جانے میں کوئی خوف نہیں ہے۔ ہم نے بچپن سے ایسے حالات دیکھے ہیں۔ جو کچھ پہلگام میں ہوا وہ انتہائی قابلِ مذمت اور ظالمانہ تھا۔
دھر، جو سرینگر کے صنعتنگر سے جموں ہجرت کر چکی ہیں، نے کہا کہ وہ اس قافلے میں شامل ہو کر خوش ہیں اور ماتا کے درشن کر کے جموں و کشمیر، ملک کی خوشحالی اور پنڈتوں کی وادی واپسی کے لیے دعا کریں گی۔سروج، جو کشمیری پنڈت سے شادی شدہ ایک غیر کشمیری خاتون ہیں، نے کہا کہ یہ ان کا وادی کا پہلا دورہ ہے اور ان کے دل میں کوئی خوف نہیں۔انہوں نے کہاکشمیر بھارت کا حصہ ہے اور (پہلگام) حملہ شاید ہمیں خوفزدہ کرنے کی کوشش تھی۔ ہمیں ان کے منصوبوں کو ناکام بنانا ہوگا اور بڑی تعداد میں وہاں جانا چاہیے۔
دہلی کے رہائشی راج کمار، جو بے گھر برادری کے رکن ہیں، نے کہا کہ حکومت کو پہلگام جیسے واقعات کو روکنے کے لیے زیادہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔سرلا بھٹ نے کہا کہ وہ اپنے جنم مقام کشمیر واپس جا کر خوش ہیں۔ مجھے ماتا پر پورا بھروسہ ہے کہ ہم یہ یاترا بخیروخوبی مکمل کریں گے۔
سینکڑوں عقیدتمند کشمیری پنڈت کھیر بھوانی میلے کے لیے روانہ
