عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کی تحصیل مغل میدان میں گزشتہ شب ہوئی بارشوں کے دوران ہوڈنہدربیل میں پسی گرآنے کے سبب رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز سے جاری مسلسل بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کی وجہ سے متعدد رابطہ سڑکیں منقطع ہو کر رہ گئی ہیں۔ اسی دوران متعدد مقامات پر ڈھانچوں کو بھی نقصان ہوا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ بارشوں کے سبب دوربیل میں محمدو ولد غفار راتھر کے رہائشی مکان کو مکمل طور نقصان پہنچا تاہم گھر میں موجود افراد کو بچالیا گیا۔ جس کے بعد اہل خانہ کو انتظامیہ نے دوسرے مقام پر منتقل کردیاہے۔
حکام نے بتایا کہ محکمہ مال کے افسران کی ایک ٹیم کو روانہ کردیاگیا ہے جو نقصان کا جائزہ لیں گے جس کے بعد انہیں نقصان کا معقول معاوجہ فراہم کیا جائے گا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرگن و سنتھن ٹاپ پر تازہ برفباری کے بعد دونوں سڑکوں کو دوسرے روز بھی آمدرفت کیلے بند رکھا گیا ہے۔ سنتھن پر ڈیڑھ فٹ سے زائد برف جمع ہوئی ہے جبکہ مرگن ٹاپ پر بھی قریب ایک فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ موسم میں بہتری کے بعد ہی برف ہٹانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔