عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر//اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے اُمید ظاہر کی کہ وزیر تعلیم سکینہ یتو کی یہ یقین دہانی کہ حکومت کا فلاح عام ٹرسٹ اسکولوں کو اپنی تحویل میں لینے کا اقدام عارضی ہے، دُرست ثابت ہوگا۔
انہوں نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا، ’’اُمید ہے کہ وزیر تعلیم سکینہ یتو کی یہ یقین دہانی سچ ثابت ہوگی کہ حکومت کا فلاح عام سکولوں کو اپنے کنٹرول میں لینے کا اقدام عارضی ہے۔ حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ طلباء کے مستقبل اور ان اسکولوں کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے کیریئر پر کسی بھی طرح سے سمجھوتہ نہ کیا جائے۔‘‘
سید محمد الطاف بخاری نے حکومت سے اس معاملے پر سیاست نہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے مزید کہا ’’حکومت (حکمران جماعت) کو یہ بات تسلیم کرنی چاہیے کہ فلاح عام ٹرسٹ اسکولوں کا مسئلہ ہزاروں طلباء کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔ اس معاملے سے عوامی جذبات جڑے ہوئے ہیں۔ اسلئے اس مسئلے کو سیاست ذدہ کرنے یا اپنے مخالفین سے انتقام گیری کےلئے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے‘‘۔