نئی دہلی/وزارت داخلہ نے آج اروناچل پردیش-گوا-میزورم اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ (اے جی ایم یو ٹی) کیڈر کے 33 آئی اے ایس اور 45 آئی پی ایس افسران کا تبادلہ کر دیا۔
حکومت ہند کے انڈر سکریٹری راکیش کمار سنگھ کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ جموں و کشمیر سے متعلق افسران کی نقل و حرکت یہاں انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد ہی ہوگی۔ ان 33 آئی اے ایس افسران میں سے 11 آئی اے ایس افسران ایسےہیں جو دہلی میں تعینات ہیں۔ انہیں اروناچل، میزورم، لداخ، گوا، انڈمان اور نکوبار، دادر اور نگر حویلی منتقل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ جن 45 آئی پی ایس افسران کا تبادلہ کیا گیا ہے، ان میں سے 16 صرف دہلی میں تعینات ہیں۔ ان لوگوں کو جموں و کشمیر، دادرا نگر حویلی، میزورم، انڈمان اور نکوبار جزائر، اروناچل پردیش، لداخ اور پڈوچیری بھیجنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔