عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر بی جے پی یونٹ کے صدر ست شرما نے جمعے کے روز بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 6 اپریل کو تین روزہ دورے پر جموں و کشمیر وارد ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران وزیر داخلہ جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
یہ باتیں ست شرما نے جموں میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کہیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ امت شاہ چھ اپریل کو جموں وارد ہونگے اور یہاں پر سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیں گے۔
ست شرما نے کہاکہ وزیر داخلہ کے جموں وکشمیر دورے کے پیش نظر بی جے پی نے تمام تیاریوں کو آخری شکل دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امیت شاہ 6 اپریل کو جموں پہنچیں گے، جہاں دو دن قیام کے بعد وہ 7 اپریل کی شام کو سری نگرجائیں گے۔سری نگر میں قیام کے بعد وہ 8 اپریل کو نئی دہلی واپس روانہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق، اپنے جموں قیام کے دوران امیت شاہ ممکنہ طور پر سرحدی علاقوں کا دورہ کریں گے اور سیکورٹی ایجنسیوں و مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ الگ الگ میٹنگیں کریں گے۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیں گے اور کئی منصوبوں کا افتتاح بھی متوقع ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر داخلہ کے سری نگر قیام کے دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بھی ان سے ملاقات کریں گے۔
وزیر داخلہ امت شاہ 6 اپریل کو تین روزہ دورے پر جموں و کشمیر آئیں گے: ست شرما
