عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/وزیر داخلہ امیت شاہ آج صوبے جموں میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال اور نقصانات کا جائزہ لیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ آج دن کے پونے گیارہ بجے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کریں گے اور متاثرہ کنبوں سے براہ راست ملاقات کر کے زمینی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کٹرہ میں شری ماتا ویشنو دیوی بیس کیمپ اور کشتواڑ کا بھی دورہ کریں گے جہاں حالیہ بادل پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کافی جانی و مالی نقصان ہوا تھا۔
وزیر داخلہ اتوار کی شام جموں پہنچے تھے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ وہ متاثرین کے لئے فوری راحتی اقدامات اور طویل المدتی باز آبادکاری منصوبوں کا اعلان کریں گے تاکہ متاثرہ اضلاع میں جلد از جلد معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔