عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کل دو روزہ دورے پر جموں پہنچیں گے جہاں وہ سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ پاکستانی گولہ باری سے متاثرہ ضلع پونچھ کا دورہ کریں گے۔ یہ ان کا آپریشن سندور کے بعد جموں و کشمیر کا پہلا دورہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق امت شاہ 29 مئی کی شام جموں پہنچیں گے اور ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، فوج، نیم فوجی دستوں، جموں و کشمیر پولیس، سول انتظامیہ اور خفیہ ایجنسیوں کے سینئر افسران کے ساتھ سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں خاص طور پر امرناتھ یاترا 2025 کے انتظامات زیر بحث آئیں گے، جو 3 جولائی سے 9 اگست تک جاری رہے گی۔پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد یاتریوں کی حفاظت کے لیے اس سال سیکیورٹی انتظامات انتہائی سخت ہوں گے۔
میٹنگ میں انسدادِ دہشت گردی اقدامات اور گزشتہ اجلاسوں میں لیے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ حالیہ ہفتوں میں ڈوڈہ، کشتواڑ، ادھمپور، کٹھوعہ، راجوری اور پونچھ کے بالائی علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی ہے، اور مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں سے مڈبھیڑ بھی ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کشتواڑ اور اس سے قبل ادھم پور کے دُدو بسنت گڑھ علاقے میں دو فوجی جوان شہید ہو چکے ہیں۔اپنے دورے کے دوسرے دن یعنی 30 مئی کو وزیر داخلہ امت شاہ سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کریں گے جہاں وہ پاکستانی گولہ باری سے جاں بحق 13 شہریوں کے اہلِ خانہ سے ملاقات کریں گے اور متاثرہ علاقوں میں ہوئے جانی و مالی نقصان کا جائزہ لیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستانی فوج کی گولہ باری میں جاں بحق ہونے والوں میں چار بچے بھی شامل تھے، جن میں دو حقیقی بہن بھائی بھی تھے۔اس کے علاوہ تین مذہبی مقامات، متعدد رہائشی مکانات اور کاروباری مراکز کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
وزیر داخلہ امت شاہ کل دو روزہ دورے پر جموں پہنچیں گے
