عظمیٰ ویب ڈیسک
کولگام// جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام ضلع میں ایک بڑے آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے حزب المجاہدین کے 5 ملی ٹینٹوں کو مار گرایا ہے، جن میں 2015 سے فعال اعلیٰ کمانڈر فاروق احمد بھٹ بھی شامل ہے۔
آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے بڑی مقدار میں جنگی مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
یہ آپریشن جموں و کشمیر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کدر علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر شروع کیا۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا اور کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پانچ ملی ٹینٹوں کو ہلاک کر دیا گیا، جن میں فاروق احمد بھٹ شامل ہیں۔ بھٹ جنوبی کشمیر میں کئی حملوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا تھا۔
پریس کانفرنس کے دوران، 34 آر آر کے کمانڈر نے بتایا کہ فاروق احمد بھٹ کی ہلاکت جنوبی کشمیر میں ملی ٹینسی کے خلاف بڑی کامیابی ہے۔
ڈی آئی جی پولیس برائے جنوبی کشمیر جاوید اقبال نے کہا کہ بھٹ کے خلاف 37 ایف آئی آر درج تھیں اور اُس کی ہلاکت حزب المجاہدین کے لیے بڑا دھچکا ہے۔
جاں بحق دیگر ملی ٹینٹوں کی شناخت عدیل حسین ولد غلام محمد حاجم، ساکن کندی پورہ کولگام (2020 سے فعال)، مشتاق احمد ایتو ولد غلام حسن ایتو، ساکنہ محمد پورہ کولگام، یاسر جاوید بھٹ ولد جاوید احمد بھٹ، ساکنہ خان پورہ یاری پورہ کولگام، اور محمد عرفان لون ولد محمد یعقوب لون، ساکنہ ہاور کولگام کے طور پر ہوئی ہے۔
جھڑپ کی جگہ سے بھاری مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جن میں پانچ اے کے 47 رائفلیں، چار گرینیڈ، بارہ میگزین اور بڑی مقدار میں نقدی اور ضروری سامان شامل ہیں۔
سیکورٹی حکام نے اس کارروائی کو بڑی کامیابی قرار دیا ہے، اور فوج کے سیکٹر کمانڈر نے کہا ہے کہ حزب المجاہدین کو شوپیاں اور کولگام کے اضلاع سے مؤثر طریقے سے ختم کر دیا گیا ہے۔