عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی ترقی میں ایک سنگ میل کے طور، پہلی بار آٹوموبائل لے جانے والی ٹرین کامیابی کے ساتھ جمعے کو اننت ناگ ریلوے اسٹیشن پہنچی جہاں نئے تعمیر شدہ گڈز شیڈ پر اس سے گاڑیوں کو اتارا گیا۔یہ ٹرین، مانیسر، ہریانہ میں ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ کے گتی شکتی ٹرمینل سے روانہ ہوئی جس نے تقریباً 850 کلو میٹر سے زیادہ فصلہ 45 گھنٹوں میں طے کیا۔
حکام نے بتایا کہ اس ٹرین کے ذریعے 116 نئی تیار شدہ گاڑیوں کو کشمیر لایا گیا اور اسی کے ساتھ وادی کشمیر میں براہ راست ریل پر مبنی آٹوموبائل نقل و حمل کا آغاز ہوا۔انہوں نے کہا کہ اس ٹرین کے 25 کوچز ہیں جن میں 116 گاڑیوں کو یہاں لایا گیا۔قبل ازیں سیمنٹ کو ٹرین کے ذریعے یہاں لایا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ وادی و ملک کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ خراب موسمی صورتحال کے باعث بند رہنے کے باعث امسال کشمیر سے سیبوں کو بھی پہلی بار ٹرین کے ذریعے باہر بھیج دیا گیا۔حکام کا ماننا ہے کہ یہ خطے میں مال بر دار رابطے میں ایک انتہائی اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹوموبائل ریک کی براہ راست اننت ناگ آمد سے مینوفیکچررز، ڈیلرز اور بالآخر صارفین دونوں کے خرچے نمایاں طور پر کم ہونے کی توقع ہے۔دریں اثنا مقامی اسٹیک ہولڈرز، بشمول آٹوموبائل ڈیلرز اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے اس پیش رفت کا خیر مقدم کیا۔ان کا کہنا ہےاس سے نہ صرف نقل و حمل کے اخراجات کم ہوں گے بلکہ صارفین کو تیز تر فراہمیٓ بھی یقینی بن جائے گی۔