رام بن // جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کے روز ضلع رامبن کے ماروگ اور بلی نالہ میں قومی شاہراہ 44 کے ان متاثرہ حصوں کا معائنہ کیا جو حالیہ دنوں میں طغیانی اور بادل پھٹنے کے واقعات سے شدید طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا، ’’معائنہ کیا جارہا ہے، شاہراہ کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ میں نے این ایچ اے آئی اور ضلعی انتظامیہ سے بات کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بحالی میں 20 سے 25 دن لگ سکتے ہیں، تاہم متبادل راستے موجود ہیں۔‘‘
حالیہ راجگڑھ میں بادل پھٹنے کے واقعے پر انہوں نے کہا، ’’کل ایم ایل اے نے فون پر مجھ سے بات کی تھی۔ میں نے فوراً اپنے افسران سے رابطہ کیا اور متاثرین کے لیے راحت کا اعلان کیا گیا۔ ڈی سی اور ایس پی موقع پر پہنچے، ریڈ کراس کی جانب سے بھی انتظامات کیے گئے۔ جو کچھ مزید درکار ہوگا، ہم وہ بھی کریں گے۔‘