عظمیٰ ویب ڈیسک
لہیہ/لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے ہفتہ کو راج بھون لیہہ میں ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں یونین ٹریٹری لداخ کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور امن و قانون کے حالات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ میٹنگ میں پولیس، فوج، نیم فوجی دستوں اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔سرکاری ذرائع کے مطابق میٹنگ میں لیہہ اور کرگل کے بعض حصوں میں پیدا شدہ کشیدگی، حالیہ احتجاجات اور تشویشناک حالات پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ خاص طور پر حساس علاقے کا ذکر کیا گیا جہاں گزشتہ دنوں عوامی مظاہروں نے انتظامیہ کی تشویش میں اضافہ کیا ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ حساس علاقوں میں اضافی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ جمعہ کو شہر کے بعض حصوں میں جھڑپوں کے بعد انتظامیہ نے لیہہ قصبے میں کرفیو نافذ کیا ہے، جو تاحال جاری ہے۔ کرفیو کے باعث بازار مکمل طور پر بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے دن بھر حساس مقامات پر گشت جاری رکھا تاکہ صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔
لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے میٹنگ کے دوران ہدایت دی کہ تمام سکیورٹی ایجنسیاں قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں، کسی بھی صورتحال پر سخت نظر رکھی جائے اور مقامی لوگوں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حالات کو جلد از جلد معمول پر لانے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔
انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امن و امان کی بحالی کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور جلد ہی صورتحال میں بہتری آئے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا کی صدارت میں لیہہ میں اعلیٰ سطحی سکیورٹی جائزہ میٹنگ
