عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے پیر کے روز کہا کہ شہری ہوابازی کی وزارت اور ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی ایک 5 رکنی اعلیٰ سطحی ٹیم منگل کو دو روزہ دورے پر کشتواڑ پہنچے گی تاکہ مرکز کے اُڑان (اُڑے دیش کا عام انسان) منصوبے کے تحت مجوزہ ہوائی اڈے کے پروجیکٹ کا جائزہ لیا جا سکے۔وزیر موصوف نے سماجی رابطہ گاہ ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میںکہا کہ ٹیم کا یہ دورہ ہوائی اڈے کی تجویز کی ممکنہ صلاحیت اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنا جائزہ مکمل کرنے کے بعد ٹیم نئی دہلی واپس لوٹے گی اور اپنی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کرے گی، جس کے بعد منصوبے کے اگلے اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ یہ اقدام وزیر اعظم نریندر مودی کی دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہایہ اطمینان کی بات ہے کہ وزیر اعظم مودی کی خصوصی ترجیح کے نتیجے میں ہمارے ہر مطالبے اور اقدام کو، جو پسماندہ علاقوں کی ترقی سے متعلق ہو، ہمیشہ مثبت ردعمل ملا ہے۔
اعلیٰ سطحی فضائی ٹیم ہوائی اڈے کی تجویز کا جائزہ لینے کل کشتواڑ پہنچے گی: مرکزی وزیر