نئی دہلی// جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے 3 جنوری کو ایڈوکیٹ میاں مظفر کی حراست کو کالعدم قرار دے دیا، جنہیں پچھلے سال جولائی میں “علیحدگی پسندانہ نظریات کی ترویج” کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) 1978 کے تحت میاں مظفر کے خلاف جاری کیے گئے احتیاطی حراست کے حکم کو جسٹس موکشا کھجوریا کاظمی نے کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حراست کا حکم غیر واضح اور کمزور بنیادوں پر تھا اور اس میں حراست کی جواز کے لیے کافی مواد نہیں تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا، “حراستی حکام نے متعلقہ حالات پر غور نہیں کیا۔ حراست کا حکم مواد کے غیر ضروری حصوں پر مبنی ہے جو قانون کے مقصد سے باہر ہے”۔
عدالت نے مزید کہا کہ “اس میں کوئی وضاحت نہیں ہے اور نہ ہی کوئی براہ راست اور قریبی تعلق ہے، جو اس بات کا جواز پیش کرتا ہو کہ ملزم کی حراست کی ضرورت کیوں پیش آئی، ایڈوائزری بورڈ نے بھی حراست کے جواز کو مناسب طور پر نہیں بیان کیا”۔
میاں مظفر کو جولائی 2024 سے احتیاطی حراست میں لیا گیا تھا اور ان کے اہل خانہ کو ان کی گرفتاری کے وقت اس کی وجہ کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔
عدالت نے کہا، “اگر ملزم کو اس کے آئینی حقوق کے بارے میں آگاہ نہیں کیا جاتا تو آئین کے تحت دی جانے والی سہولت محض ایک فضول مشق بن جاتی ہے، اگر یہ نافذ نہ کی جائے”۔
عدالت نے حراست کے حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ میاں مظفر کو فوراً رہا کیا جائے۔
جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے ایڈوکیٹ میاں مظفر کی حراست کو کالعدم قرار دیا
