ریاسی میں خفیہ ٹھکانے کا پردہ فاش، اسلحہ و گولہ بارود برآمد: پولیس

عظمیٰ ویب ڈیسک

ریاسی// ضلع ریاسی پولیس نے ارناس کے علاقے میں ملی ٹینٹوں کے ایک خفیہ ٹھکانے کا کامیابی سے پردہ فاش کیا ہے اور اسلحہ اور گولہ بارود کا کافی ذخیرہ ضبط کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ارناس کے ڈلاس برنیلی علاقے میں ایک خفیہ ٹھکانے کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے علاقے میں ایک تلاشی آپریشن شروع کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ایس پی پی ریاسی کی سربراہی میں ایک پولیس ٹیم نے ارناس کے ڈلاس برنیلی علاقے میں ایک خفیہ ٹھکانے سے بھاری مقدار میں ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ٹھکانے سے 2 ڈیٹونیٹرز، اسالٹ رائفل کے 12 کارتوس، ایک پل تھرو، ایک کلکولیٹر آئی ای ڈی، دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی) ، ایک بیٹری اور متعدد تاریں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں ضبط کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ریاسی، موہتا شرما نے بتایا کہ ارناس علاقے میں تلاشی مہم ابھی جاری ہے۔ اُنہوں نے ملک دشمن عناصر کے کسی بھی مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ریاسی پولیس کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس سلسلے میں پولیس تھانہ ارناس میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔